پشاور(بیورورپورٹ)پشاور ہائیکورٹ نے کرم ایجنسی کے سکول پر حملہ کے دوران شہید ہونے والے استاد کے خاندان کو شہداء پیکیج کی عدم ادائیگی پر وفاقی وزارت سیفران او ر پولیٹیکل ایجنٹ کرم کو 15دن کے اند رجواب جمع کرنے کا حکم دے دیا، عدالت عالیہ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اکرام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے یہ احکامات شہید استاد کی بیوہ مسماۃ سامستہ بی بی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جاری کئے سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزاراں کا شوہر کرم ایجنسی کے ایک سکول میں استاد تھا جو کہ سال 2007میں سکول پر ایک دہشت گرد حملہ کا شکار ہو کر شہید ہو گیا تھا ، تاہم مرحوم کے خاندان کو حکومتی پالیسی کے مطابق شہداء پیکیج ادا نہیں کیا گیا ۔