ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو57 رنز سے شکست دیکر پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز 4-1 سے جیت لی،آسٹریلوی کپتان نےایک بار پھر ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوور میں پاکستانی باولرز کی خوب پٹائی کرتےہوئےسات وکٹوں کےنقصان پر 369رنزبنائے۔ کینگروزکی جانب سےوارنر نے دھواں دار179 اور ہیڈ نے128رنز بنائے۔
آسٹریلوی اوپنرز نے 284 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیاجوآسٹریلیا کی طرف سےکسی بھی اوپننگ جوڑی کی سب سے بڑی شراکت داری ہے. آسٹریلوی بلے بازوں نے پاکستانی باولرز کی خوب درگت بنائی اور انہیں چھٹی کادودھ یادکرادیا،حسن علی سب سےزیادہ مہنگے باولر ثابت ہوئے،انہوں نے9اوورز میں 100 رنز دے کر دو وکٹس حاصل کیں.
ہدف کےتعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 312 رنز ہی بناسکی۔قومی ٹیم کی جانب سےاننگز کا آغازکپتان اظہر علی کیا جو 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
شرجیل خان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کےلیے130رنز بنائے، 79 کےانفرادی اسکور پرشرجیل خان ہمت ہارگئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جنہوں نے 3 رنز بنانے پر ہی اکتفا کیا۔
بابر اعظم نے آسٹریلوی بولرز کا جم کرمقابلہ کیااور شاندار سنچری اسکور کی تاہم 220 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئےجس کے بعد عمر اکمل نے 46 رنز کی اننگز کھیلی اور276 کے مجموعی اسکورپرواپس پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے4 اورپی جے کمنزنے 2وکٹس حاصل کیں جبکہ دیگر باولرز ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔