اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کے آخری حصہ کی کارروائی خاصی دیر تک نکتہ اعتراض پر چلتی رہی۔ ارکان نے قومی سلامتی کے امور سے لے کر اپنے حلقوں کے مسائل تک، سب ہی موضوعات پر بات کی۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کی اقلیتی رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے سانحہ یوحنا آباد کے بعد گرفتار اقلیتی برادری کے ارکان کے خلاف مقدمات پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ یوحنا آباد میں دو گرجا گھروں پر حملہ کیا گیا اور لوگوں کو اشتعال دلایا گیا۔ اس واقعہ کے بعد مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا اور ان پر دہشتگردی کے مقدمات قائم کئے گئے۔ دوران حراست دو قیدیوں کی ہلاکت بھی ہوچکی ہے۔جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد یعقوب خان نے مالاکنڈ ڈویژن بالخصوص ضلع دیر لوئر میں گیس کنکشن اور تقسیم میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی کی جنگ سیاستدانوں نے لڑی ہے اور اس میں کسی جج اور جرنیل نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ اسٹیبلشمنٹ کسی سیاستدان کو اقتدار میں لاتی ہے تو اسے گراتی بھی ہے۔ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ یہی اسٹیبلشمنٹ اسے گرا بھی دیتی ہے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کی رکن نعیمہ کشور خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک رکن نے پارلیمنٹ کو مسجد ضرار سے تشبیہ دی جو لعن طعن سے بھی بڑا الزام ہے۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے ان کی تقریر طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسے الفاظ استعمال ہوئے تو انہیں حذف کرا دیا جائے گا۔ بلوچستان سے خاتون ایم این اے نسیمہ حفیظ پانیزئی نے پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ اور پختون طلباء کی گرفتاریوں کے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ڈرون حملوں پر پارلیمان کی سلامتی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے کا معاملہ اہم ہے اور اس معاملے پر پارلیمان کی سلامتی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جانا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی کے رکن نواب یوسف تالپور نے کہا ہے کہ 1991ء کے پانی کے معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے جبکہ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے ہدایت کی ہے کہ اس اہم نکتہ پر وزارت عمل کرائے۔مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن غوث بخش مہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم ارسا کے ارکان کی تقرری کا جلد از جلد نوٹیفکیشن یقینی بنائیں۔ پانی کا مسئلہ انتہائی حساس ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے سے لاکھوں طلباء کی تعلیم متاثر ہوگی، اس معاملہ کو کمیٹی بناکر حل کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے پرائیویٹ سکولوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پنڈی کینٹ میں ایسے اداروں کی تعداد کم ہے۔ امتحان آنے والے ہیں لاکھوں طلباء کی تعلیم متاثر ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ قصور واقعہ کا ملزم گرفتار ہو چکا ہے‘ اب مردان واقعہ کا ملزم گرفتار کیا جائے۔ تحریک انصاف کے ارکان نے شور مچایا تو میاں منان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اپنے لیڈر کی دو عادتیں چھڑادیں تو حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ اس پر ایوان میں قہقہے بلند ہوئے۔