دہلی (اے ایف پی) بالی وڈ کی متنازعہ فلم پدماوت کو بالآخر بھارت بھرکے سینما گھروں کی زینت بنادیا گیا۔ پدماوت کی نمائش کے موقع پر عدالتی احکامات کے بعد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، تاہم پھر بھی متعدد ریاستوں کے کئی شہروں میں فلم کی نمائش کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، تشدد، توڑ پھوڑ اور ہنگامے جاری ہیں۔ پولیس کی انتہائی سخت سکیورٹی کے باوجود احمد آباد، نئی دہلی، ممبئی، راجستھان، مدھیا پردیش، اترپردیش، ہریانہ اور تلنگانہ سمیت متعدد ریاستوں میں توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرائو کے واقعات پیش آئے۔ بھارتی نشریاتی ادارے ایش نیوز انٹرنیشنل اے این آئی کے مطابق ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں انتہا پسندوں نے اسکول بس پر حملہ کر دیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 18 حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا۔ پدماوت کی نمائش کے خلاف ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں بھی راجپوت کرنی سینما کے کارکنان نے مظاہرے کئے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے جبکہ انہوں نے جلاؤ گھیراؤ کرکے روڈ کو ٹریفک کیلئے بھی بند کر دیا۔ ریاست اترا کھنڈا میں پولیس نے پدماوت کی ریلیز کے موقع پر انتہائی سخت سکیورٹی کے انتظامات کرتے ہوئے گاڑیوں اور مشکوک افراد کی چیکنگ بھی کی۔ پولیس کے مطابق مجموعی طور پر ریاست کی صورتحال پر امن رہی۔