لاہور (سپیشل رپورٹر) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہنگو کی حدود میں ڈرون حملہ ملکی سالمیت اور سلامتی پر حملہ اور کھلی مداخلت ہے اور امریکہ نے عالمی قوانین کو روندا ہے۔ ملک کی سلامتی کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں۔ ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی سلامتی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ امریکی دھمکیاں اور دوسری طرف حملہ کھلی جارحیت ہے۔ وہ پارٹی رہنمائوں مولانا محمد امجد خان‘ مولانا سائیں عبدالقیوم‘ حافظ حسین احمد‘ مولانا محمد یوسف سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ خارجہ پالیسی کا قبلہ درست کیا جائے اور ملکی مفاد میں پالیسیاں بنائی جائیں۔ حکومت کو اب اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرنا اور امریکہ کو دو ٹوک جواب دینا ہوگا کہ ملکی سالمیت پر پور قوم ایک ہے۔ دریں اثنا مولانا محمد امجد خان سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ماورائے آئین و قانون جعلی مقابلوں کی روایت ختم ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی سانحہ کا ایکشن لے اور نقیب اللہ محسود کے قتل میں ملوث افراد کو انجام تک پہنچائے۔ مولانا فضل الرحمن نے محمد اسلم غوری‘ حاجی شمس الرحمن شمسی‘ سید فضل آغا‘ مفتی ابراراحمد اور عبدالرزاق عابد لاکھو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام کی نظریں اب متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر جمع ہونے والی مذہبی جماعتوں پر ہیں۔ آئندہ عام انتخحابات میں بیرونی ایجنڈے والوں کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا ہوگا۔ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت صرف دینی قوتوں میں ہی ہے۔
امریکی ڈرون حملہ ملکی سالمیت کی خلاف ورزی‘ کھلی جارحیت ہے: فضل الرحمن
Jan 26, 2018