اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینٹ سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری آصف علی زرداری کا وژن تھا۔ انہوں نے ہی پاک چین باہمی تعلقات کو مضبوط کیا۔ قوم بخوبی جانتی ہے کہ پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کی بنیادی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی ۔ شہباز شریف کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سرکاری دستاویز کی حقیقت شہباز شریف جھوٹ بول کر بدل نہیں سکتے۔ اگر صدر آصف علی زرداری گوادر سنگاپور سے واپس نہ لیتے تو اقتصادی راہداری کس طرح بن سکتی تھی؟ نیر حسین بخاری نے کہا کہ جاتی عمراء کے ٹھگوں نے اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ مودی کے یاروں نے پاکستان ایران گیس پائپ لائن کو سردخانے کی نظر کرکے بہت بڑا جرم کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ذہنی مریض ہیں۔ ان کے دماغ کے علاج کے لئے انہیں سرکاری ہسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت ہے۔ نیر حسین بخاری نے کہاکہ پنجاب کا قاتل اعلیٰ وزیراعظم ہائوس نہیں جیل جائیں گے کیونکہ ماڈل ٹائون کے مقتولین انصاف کی دہائی دے رہے ہیں۔