نیب نے این جی اوز‘ فاروق نذیر‘ کامران لاشاری سمیت متعدد افسروں کیخلاف انکوائری کی منظوری دے دی

اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین نیب کی صدارت میں نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور سپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب فاروق نذیر اور چیف سیکرٹری سندھ اور وفاقی سیکرٹری مواصلات صدیق میمن کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن اور ناجائز اثاثے بنانے کی انکوائری شروع کرنے متروکہ وقف املاک کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ نیب بورڈ نے حیات ہوٹل اینڈ ٹاور میں مبینہ 2 ارب 19 کروڑ کی کرپشن کرنے پر سی ڈی اے افسران جس میں کامران لاشاری وغیرہ شامل ہیں کیخلاف اور ڈریپ کے موجودہ چیف اسلم افغانی کے خلاف انکوائری شروع کرنے کی منظوری دی جبکہ نیب نے پاکستان میں غریبوں کے نام پر اربوں روپے ہضم کرنیو الی قومی اور بین الاقوامی این جی اوز کے خلاف بھی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزارت پٹرولیم کے افسران کیخلاف 3 ارب کا غیرمعیاری فرنس آئل درآمد کرنے میں مبینہ کرپشن کی انکوائری کی منظوری دی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے کامران کیانی کی کمپنی ایلیشم ہولڈنگز پاکستان لمیٹڈ کیخلاف تحقیقات جاری رکھنے کی منظوری دی۔ ملزموں میں کامران کیانی، وسیم اسلم بٹ اور حماد شامل ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔ سابق ایم پی اے نصراللہ بلوچ و دیگر کیخلاف بدعنوانی کے ریفرنس اور سابق ایم پی اے رفیق کھر، محکمہ ریونیو کے افسران کیخلاف ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے کامران کیانی کی کمپنی میسرز ایلیشم ہولڈنگز پاکستان لمیٹڈ کی انتظامیہ کے خلاف انوسٹی گیشن کو جاری رکھنے کی منظوری دی۔ ملزم وسیم اسلم بٹ، سابق چیف ایگزیکٹو ، کامران کیانی اور حماد ارشد چیف ایگزیکٹو میسرز ایلیشم ہولڈنگز پاکستان لمیٹڈ پر الزام ہے انہوں نے غیر قانونی طور پر ڈی ایچ اے رینچز اسلام آباد کے ناقابل فروخت الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے عدم ثبوت کی بناء پر محکمہ ہائی ویز پنجاب کے افسران و دیگر کے خلاف اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ کے خلاف انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اجلاس کے اختتام پر حکم دیا تمام پرانی انکوائریوں اور انوسٹی گیشن کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور انکوائریوں اور انوسٹی گیشن کو غیر معینہ مدت تک التواء میں نہ رکھا جائے۔ قبل ازیں چیئر مین نیب سے کھلی کچہری میں شکایت کنندگان نے ملاقات کی اور بد عنوانی سے متعلق شکایت پیش کیں ، چیئر مین نیب نے تمام شکایات انتہائی توجہ سے سنیں اور موقع پر ہی قانون کے مطابق ضروری احکامات جاری کئے، جس پر شکایت کنندگان نے چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن