آکلینڈ(اے این این )پاکستان نے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی ہے۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 153 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور منرو نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 25 کے مجموعی اسکور پر منرو ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے، ون ڈان آنے والے کھلاڑی کین ولیمسن بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔اوپنر مارٹن گپٹل بھی صرف 26 رنز بناکر52 کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں بھی کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اورپوری ٹیم 153 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور احمد شہزاد نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 94 رنز کی شراکت قائم کی تاہم احمد شہزاد 44 رنز بناکر آ ئوٹ ہوگئے جب کہ فخرزمان نے نصف سنچری اسکور کی اور 96 کے مجموعی اسکور پر آئو ٹ ہوگئے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 201 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ٹور میں ابھی تک مسلسل ناکامیوں کا سامنارہا ہے، ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کے بعد ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم سیریز میں واپسی کے لیے پاکستان کو آج کا میچ جیتنا ضروری تھا ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز اب ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔