اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج خطے کے امن و استحکام پر یقین رکھتی ہے تاہم کسی بھی غلط مہم جوئی سے نمٹنے اور مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر وقت مکمل تیار اور پرعزم ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب تربیتی مرکز کا دورہ کیا اور اس دوران آرمی چیف نے کنٹرول لائن کے ماحول میں ایک فوجی بریگیڈ کی مشقوں کا معائنہ کیا۔ ان مشقوں میں پاک فضائیہ کے طیاروں کے علاوہ ٹینکوں، ٹینک شکن ہتھیاروں اور مختلف اقسام کے توپخانہ کا استعمال کیا گیا۔ ان مشقوں کا مقصد فوجی دستوں کو کنٹرول لائن کے حقیقی ماحول میں جنگی صورتحال کے حوالے سے تربیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ آرمی چیف نے مشقوں کے معیار اور جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔آرمی چیف نے جوانوں کو اپنی توجہ تربیت پر مرکوز کرنے اور پیشہ وارانہ معیار کے مطابق جدید بنانے کی ہدایت کی۔ کور کمانڈر راولپنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آرمی چیف