صدارتی ایواڈ یافتہ معروف اداکارہ روحی بانو استنبول میں انتقال کر گئیں

Jan 26, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) صدارتی ایوارڈ یافتہ، ماضی کی سپر سٹار اداکارہ روحی بانو طویل علالت کے بعد لاکھوں پرستاروں کو افسردہ چھوڑ کر انتقال کر گئیں۔ معروف اداکارہ نفسیاتی مرض میں مبتلا تھیں۔ وفات گردے فیل ہونے کے سبب ہوئی۔ دو ماہ سے شدید علیل تھیں۔ اس سے قبل وہ کئی برس نفسیاتی مرض اور مالی مسائل کا شکار بھی رہیں۔ انہوں نے کئی پاکستانی ڈراموں میں جاندار کردار نبھائے، وہ بھارت کے مشہور طبلہ نواز استاد اﷲ رکھا کی صاحبزادی تھیں۔ ان کی ازدواجی زندگی ناکامی سے دوچار رہی تاہم اکلوتے بیٹے علی کے قتل کے بعد گویا خوشیاں ان سے روٹھ گئیں۔ نازک اندام اور حسین اداکارہ غم واندوہ کا بوجھ نہ سہار سکیں اور نفسیاتی عوارض کا شکار ہو گئیں جس کے باعث فاﺅنٹین ہاوس روحی بانو کا مسکن بن گیا۔ بہن روبینہ یاسمین نے بتایا ہے کہ روحی بانو ترکی میں استنبول کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ گزشتہ 10 روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔ وہ اپنے دور کی سب سے زیادہ تعلیم یافتہ اداکارہ تھیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی توجہ کے باعث انہیں فا¶نٹین ہا¶س میں خاص دیکھ بھال کی جاتی رہی۔ کچھ عرصہ قبل وہ لاپتہ بھی ہو گئی تھیں۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے روحی بانو کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے روحی بانو مرحومہ کی فن کے فروغ کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روحی بانو منجھی ہوئی ورسٹائل اداکارہ تھیں اور وہ ایک عرصہ تک سکرین پر چھائی رہیں۔ مرحومہ کی فن کے فروغ کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ روحی بانو جیسے اداکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ وہ بلاشبہ ایک عظیم اداکارہ تھیں۔ مرحومہ کی فن کے فروغ کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔ اللہ ان کے درجات بلند فرمائے۔ وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے معروف اداکارہ روحی بانو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عوام کو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے بے چد متاثر کیا۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔ حمزہ شہباز نے روحی بانو کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ ان کی فن کے شعبے میں خدمات کو بھلایا نہیں جا سکے گا۔ فن کے فروغ کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اللہ ان کے درجات بلند فرمائے، آمین! روحی بانو کی بہن نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ روحی بانو کی میت پاکستان لانے کیلئے مدد کی جائے۔ تدفین روحی بانو کے بیٹے کے پہلو میں کرنا چاہتے ہیں۔ بہن روبینہ نے کہا کہ روحی بانو کے جسد خاکی کو پاکستان لانے میں ہماری مدد کی جائے۔ روحی بانو کے انتقال کے بعد کسی حکومتی نمائندے نے رابطہ نہیں کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے سینئر اداکارہ روحی بانوں کے انتقال پر دکھ و افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ روحی بانو باصلاحیت اداکارہ تھیں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ مرحومہ کے لواحقین اور پرستاروں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جو بھی کردار نبھایا اس کے ساتھ انصاف کیا۔ فنکار برادری نے اظہار افسوس کیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے معروف شاعر امجد اسلام امجد اداکار عابد علی توقیر ناصر اور غلام محی الدین نے کہا کہ روحی بانو ایک بڑی اداکارہ تھیں ان کا انتقال ٹی وی ڈرامے کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے مرتضیٰ وہاب نے روحی بانو کے انتقال پراظہار تعزیت و افسوس کیا ہے انہوں نے کہا کہ روحی بانوں ایک ورسٹائل اداکارہ تھیں اللہ پاک انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا کرے ۔بہن روبینہ نے کہا کہ روحی بانو کی استنبول میں امانتاً تدفین کر دی، وسائل ہونے پر میت پاکستان منتقل کریں گے۔ حکومت سے اپیل ہے میت پاکستان منتقل کرنے میں مدد کرے۔

انتقال

مزیدخبریں