اسلا م آباد (نامہ نگار)51 فیصد پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی اب تک کی کارکردگی کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں،شہری علاقوں کے59فیصد دیہی علاقوں میں47فیصد شہریوں نے عمران خان کی کارکردگی کو اچھی قرار دیاجبکہ عمران خان کی کارکردگی کے بارے میں مثبت رائے رکھنے والوں میں سب سے زیادہ 30سال سے کم عمر شہریوں کی تعدادہے ۔گیلپ پاکستان کی تازہ ترین سروے رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سروے کے دوران مرد و خواتین سے سوال پو چھا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اب تک(الیکشن جیتنے کے بعد )کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے،اس سوال کے جواب میں 13فیصد جوابدہندگان عمران خان کی کارکردگی کے بارے میں بہت اچھی رائے رکھتے ہیں،38فیصد جوابدہندگان صرف اچھی رائے رکھتے ہیں جبکہ 26فیصد عمران خان کی اب تک کی کارکردگی کو خراب قرار دیا 20فیصد کے مطابق عمران خان کی اب تک کی کارکردگی بہت خراب ہے تاہم 3 فیصد نے کسی بھی رائے کا اظہار نہیں کیا۔ 30 سال سے کم عمر جوابدہنگان میں عمران خان کی اب تک کی کارکردگی بارے رائے سب سے اچھی ہے جس کی شرح15فیصد ہے،30 سے50 سال کی عمر کے درمیان جوابدہندگان میں14فیصد بہت اچھی رائے رکھتے ہیں جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے صرف3فیصد جوابدہندگان نے عمران خان کی اب تک کی کارکردگی کو بہت اچھا قرار دیا۔
گیلپ سروے
شہری علاقوں کے 59 دیہات کے 47 فیصد مکین حکومتی کارکردگی سے مطمئن
Jan 26, 2019