ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ کترینا کیف کے کرکٹ اسٹروکس نے آئی پی ایل ٹیم کنگز الیون پنجاب کی شریک مالک پریتی زنٹا کو بھی کافی متاثر کیا ہے۔کترینا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی آنے والی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ کے بعد سیٹ پر ہی کرکٹ کھیل رہی ہیں، انھوں نے چند اچھے اسٹروکس کھیلے، ویڈیو کے ساتھ انھوں نے انوشکا شرما سے درخواست کی کہ وہ ان کے کھیل پر ویرات کوہلی سے بھی رائے لیں۔اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے پریتی نے ازرائے مذاق کہا کہ کترینا کنگز الیون پنجاب کو لازمی طور پر آپ کی خدمات حاصل کرنا چاہئیں، جس کا فوری جواب دیتے ہوئے کترینا نے کہا کہ ’برائے مہربانی ایسا کریں اور مجھے کھیلنے کا موقع دیں۔