لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ لوکا سنٹیلی نے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی ایونٹ کے لئے محفوظ ملک ہے، تربیت یافتہ کوچز کے بغیر ٹینس کی ترقی ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے دلاور عباس ٹینس کمپلیکس میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی دفعہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستان ٹینس میں صحیح سمت پر ہے اور پاکستان سے چاہتے ہیں کہ ٹینس کو مزید مضبوط کرے۔ آن لان اکیڈمی کچھ عرصہ بعد شروع کریں گے، امید ہے صدر آئی ٹی ایف بھی پاکستان آئیں گے۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن دنیا میں ٹینس کی ترقی چاہتی ہے اور پی ٹی ایف میں ٹینس کورٹ عالمی سطح کے ہیں ان میں زیادہ سے مقابلوں کا انعقاد ہونا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر کو پاکستان میں ٹینس کی ترقی کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدرسلیم سیف اللہ نے کہاکہ لوکا کے ساتھ دلی تعلقات ہیں اورمیڈیا کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ ڈیوس کپ کا کامیابی سے انعقاد ہماری کاوشوں کا ثبوت ہے اور گروپ ون کا حصہ ہیں۔ خزانہ خالی ہے اور مزید فنڈز کی ضرورت ہے، امید ہے آئی ٹی ایف تعاون کرے گا، انفراسٹرکچر اور کوچز کیلئے مزید تعاون چاہئے۔ پاکستانی جوان ٹینس میں دن بدن پڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ 300سے زائد کلب ہیں۔ پاکستان کے کھلاڑیوں کے پاس ٹینس سے متعلق ٹرینر ہی نہیں، لوکا سینٹلی نے کہا کہ ہم سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔ 2019 میں 20ملین تک سٹر یٹجک معاملات پر خرچ کریں گے۔ ایشیا میں ٹینس کی اہمیت سے واقف ہیں اور بنکاک میں پاکستان کوچز شرکت کریں گے۔ ٹرینر کیلئے ریفریشر کورسز کرنا لازمی ہوگا۔ پاکستان بین الاقوامی ایونٹ کیلئے محفوظ ملک ہے۔