کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منارہے ہیں

Jan 26, 2020 | 10:24

ویب ڈیسک

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں جس کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے مسلسل تسلط کی طرف مبذول کرانا ہے۔اس سال کشمیری ایک ایسے موقع پر یوم سیاہ منارہے ہیں جب بھارت میں مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کردیا ہے۔بھارت نے فوج کی بھاری نفری تعینات، کرفیو اور مواصلاتی بندش کو طول دیتے ہوئے کشمیریوں کے بنیادی حقوق بھی سلب کرلیے ہیں۔اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔حریت رہنمائوں نے اپنے بیانات اور پیغامات میں کہا ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف قبضہ کر رکھا ہے اس لیے وہ مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں رکھتا۔اُدھر مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 175 ویں روز بھی سخت فوجی محاصرہ جاری ہے۔
 

مزیدخبریں