کراچی (کامرس رپورٹر) وزارت تجارت ''دیکھو افریقہ پالیسی پہل'' کے تحت کینیا کے شہر نیروبی میں دو روزہ پاکستان ، افریقہ تجارتی ترقی کانفرنس کا انعقاد کرے گی جو 30 جنوری2020 سے شروع ہوگی اور31جنوری تک جاری رہے گی ۔کانفرنس میںشریک ممالک میں پاکستان، کینیا، الجیریا، مراکش، تیونس، لیبیا، مصر، سینیگال، نائیجیریا، ایتھوپیا، تنزانیہ، نائجر، جنوبی افریقہ، زمبابوے، سوڈان، ماریشیس، روانڈا، یوگنڈا اور برونڈی شامل ہیں۔یہ کانفرنس اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کیونکہ20 افریقی ممالک کے200 سے زیادہ مندوبین اس کانفرنس میں شرکت کرنے جارہے ہیں جس کا اہتمام بیرون ملک پاکستان مشن نے کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل، رزاق داؤد اوروفاقی وزیر برائے امور خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
کینیا کے وزیر خارجہ اور وزیر تجارت نے ان کی شرکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ کینیا کی حکومت اس پروگرام کے لئے مکمل مدد فراہم کرے گی جس کا افتتاح کینیا کے صدر اوہورو کینیاٹا کریں گے۔ یوگنڈا سے آئے ہوئے وزیر مملکت برائے تجارت بھی کانفرنس میں شرکت کرنے جارہے ہیں۔رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ)کے سابق چیئرمین جو ہفتے کی شب کینیا روانہ ہوگئے ہیں وہ بھی کانفرنس میں شریک ہونگے۔ ٹیکسٹائل اور ملبوسات، فارماسیوٹیکلز، زراعت (چاول، شوگر، گندم وغیرہ) سمیت بڑے برآمدی شعبوں میں100سے زائد سر فہرست پاکستانی کمپنیوں کا وفد ٹریکٹر اور زرعی سامان، بینکنگ اور نقل و حمل، جراحی کے آلات، چرمی اور کھیلوں کا سامان، لائٹ انجینئرنگ اور الیکٹرانکس افریقی ممالک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سافٹ ویئر، سیمنٹ اور تعمیراتی خدمات کے ساتھ شریک ہوگا جس کا اہتمام ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے کیا ہے۔