4 حادثات‘ ایک خاندان کے 3 افراد‘ میاں بیوی‘ ماں بیٹا سمیت 9 جاں بحق

قصور‘ مرید کے‘ ظفروال‘ نورپور تھل (نمائندگان نوائے وقت + نامہ نگاران) 4 ٹریفک حادثات میں ماں بیٹا‘ ایک خاندان کے 3 افراد‘ میاں بیوی سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں ملتان روڈ جمبر کے قریب ٹرک اور موٹر سائیکل رکشہ میں ٹکر کے نتیجہ میں رکشہ ڈرائیور علی رضا اور سوار ارشد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ اکرم اور شہباز وغیرہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ پولنگر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مرید کے میں شیخوپورہ روڈ پر کار اور ڈمپر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خاتون اور بچی سمیت ایک خاندان کے تین افراد جاں بحق‘ چار زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ سیاہ رنگ کی کار اور ڈمپر اچانک آمنے سامنے سے ٹکرا گئے۔ نتیجے میں کار سوار ذکاء اﷲ چیمہ‘ ایک خاتون اور کمسن بچی جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ مرنے والے ذکاء اﷲ کا تعلق نواحی گاؤں ہردیو سے بتایا جاتا ہے۔ حادثہ کا شکار دیگر افراد میں انعم 35 سالہ‘ زینب 5 سالہ ‘ ثمینہ 25 سالہ ‘ مزمل 12 سالہ‘ سکینہ 55 سالہ اور ایک سالہ عائشہ نور شامل ہیں۔ دوسری جانب ظفروال کے نواحی گاؤں اونچہ کلاں کا رہائشی عثمان اپنی بیوی کے ہمراہ سسرال جا رہا تھا چونڈہ روڈ پر ڈگری مریاں کے دوسری طرف موٹر سائیکل سے تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں عثمان موقع پر چل بسا‘ جبکہ اس کی بیوی نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ مزید براں نورپور تھل کے نواحی گائوں جمالی بلوچاں کا رہائشی ریسکیو 1122کا ملازم موٹر سائیکل حادثہ میں شدید زخمی، بیوی اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر نصیر احمد خان سرگانی کا جواں سال بیٹا علی تقی اہلیہ اور ایک سالہ بیٹے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سرگودھا جا رہے تھے کہ دھریمہ کے قریب ہائی ایس سے ٹکرا گئے۔ اہلیہ اور بیٹا موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ علی کو شدید زخمی حالت میں سرگودھا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن