واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک، نوائے وقت رپورٹ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے سینیٹ میں جاری کارروائی میں ٹرمپ کے وکلاء نے پہلی مرتبہ اپنا موقف پیش کیا۔ گزشتہ تین ایام سے ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان ٹرمپ کے مواخذے کے لیے اپنے دلائل پیش کر رہے تھے۔ 24گھنٹوں پر محیط کارروائی میں ڈیموکریٹک سینیٹرز نے یہ موقف اختیار کیا کہ یوکرائن سے جو بائیڈن کے بیٹے کے حوالے سے تفتیش کرانے کے معاملے میں ٹرمپ نے بطور صدر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ ایسا امریکی تاریخ میں تیسری مرتبہ ہو رہا ہے کہ ملکی صدر کے مواخذے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یوکرائن سکینڈل پر سوال کرنے والی خاتون صحافی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ صحافی کا کہنا ہے کہ انٹرویو کے بعد پومپیو نے بغیر کیمرہ کمرے میں بلوایا پومپیو خوب چیخے چلائے اور نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا۔