لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری پر انکے مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے‘ سپریم کورٹ بھی انکو صادق اور امین قرار دے چکی ہے۔ حکومت نے نیب اور ایف آئی اے سمیت احتساب کے تمام اداروں کو مکمل طور پر آزاد کر دیا ہے۔کرپشن کے خاتمے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ 2015 کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ کا پاکستان کیلئے سفر کی پابندیاں نرم کرنا پاکستان کے لیے مثبت تبدیلی، بلاشبہ بڑی خوشخبری ہے۔ وہ تحر یک انصاف کے ایم این اے شوکت بھٹی ،ایم این اے نواب شیر وسیرسمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ ’’ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ‘‘ٹرانسپیرنسی''کے بارے میں میڈیا اب خود سوالات اُٹھا رہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے جو ڈیٹا استعمال کیا وہ اصل میں 2015 سے 2017 تک کا ہے جب پاکستان میں (ن) لیگ کی حکومت رہی ہے یہ سب کچھ ویب سائٹ پر ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے خود لکھا ہوا ہے تو کرپشن پرسیپشن انڈکس اصل میں نواز شریف دور میں کرپشن کے بارے میں عوامی رائے ظاہر کر رہا ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کی ’’ٹرانسپیرنسی‘‘ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں: گورنر
Jan 26, 2020