اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین اور پیپلز پارٹی کے رہنماء سینٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو مودی مظالم کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں جانے کیلئے دوسرا خط لکھ چکا ہوں،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ پر از خود نوٹس لے رکھا ہے،یوم یکجہتی کشمیر پر عمران خان تمام جماعتوں کو اکٹھا کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی حکمران آنگ سان سوچی کو روہنگیا قتلِ عام کی مجرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا عالمی عدالت انصاف کا میانمار روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔عالمی عدالت انصاف کا روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف فیصلہ دنیا کے ظالم حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے، سینیٹر رحمان ملک نے روہینگیا کے مسلمانوں کو انصاف دلانے پر گیمبیا کے وزیر قانون ابوبکر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوںنے کہا روہینگیا کے مظلوموں کا عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ جیتنے پر گیمبیا کے وزیر قانون ابوبکر نے مسلمانوں کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا میں بتانا چاہوگا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے رپورٹ پر ازخود نوٹس لے چکا ہوں، پریشان کن امر یہ ہے کہ زیادہ کرپشن والے ممالک میں پاکستان کا درجہ 117 سے بڑھ کر 120 ہوگیاہے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کیساتھ ملکر بدعنوانی کی درجہ بندی کے طریقہ کار پر رپورٹ مرتب کرے۔ پیچھلے تین سالوں میں بدعنوانی کی درجہ بندی کیلئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان کے کن کن اداروں کی چانج پڑتال کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پچھلے تین سالوں میں کرپشن پرسپشن انڈکس کے اشاریوں کی تفصیلات کمیٹی کے روبرو پیش کی جائے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے عہدیداران کو جلد کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائیگی۔انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر عمران خان سب پارٹیوں کو کشمیر پر اکٹھا کریں۔انہوںنے خط میں تین تجاویز دی ہیں حکومت پاکستان ،آزاد کشمیر حکومت یا تحریک آزادی کی تنظیمیں کیس دائر کر سکتی ہیں، اگر حکومت نہیں جائے گی تو ہم کشمیریوں کے لئے عالمی عدالت انصاف میں کھڑے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ مودی کبھی پاکستان پر حملہ کرنے کی جرآت نہیں کر سکے گا۔