پی ڈی ایم کے پاس  عوام کیلئے کوئی پروگرام نہیں،ظہیرالدین علیزئی 

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی ظہیرالدین خان علیزئی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے پاس کوئی قومی ایجنڈا نہیں ہے فقط اقتدار و پروٹوکول سے محرومی کا رونا رونے کے سوا ان کے پاس عوام کیلئے کوئی پروگرام نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ نقشبند ہاوس پر آنیوالے معززین حلقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر  مظہر خان ملغانی، عتیق الرحمان خاکوانی، عزیز خان مہمند، اقبال تھہیم، ملک یونس مہوٹہ، ملک اشرف جٹ، حکیم بشارت اور عبدالرافع سمیت دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اربوں روپے کی تشہیری مہم کے بغیر کی جارہی ہے جبکہ ماضی کے حکمران عوام کے ٹیکسز سے ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں ذاتی تشہیر کرتے آئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے گرانفروش مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم گرانفروش مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامیہ کی کاروائیوں کو خود مانیٹرنگ کررہے ہیں جس سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن