راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر علی گوندل نے ایم ایس سی طالبہ کے اغوائ،زیادتی اورویڈیو سکینڈل میں نامزد ملزم قاسم جہانگیر کو الزام ثابت ہونے پرمختلف دفعات کے تحت مجموعی طورپر سزائے موت،عمرقید،3سال قیداور35 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے،عدالت نے وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی کے علاوہ10لاکھ روپے ہرجانہ بھی متاثرہ طالبہ کو ادا کرنے کا حکم دیاہے،عدالت نے ملزم کی اہلیہ و شریک ملزمہ کرن محمودکو مجموعی طور پر عمر قید،3سال اور20لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے،عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزمہ کو مزید1سال قید بھگتنا ہو گی،گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376کے الزام ثابت ہونے پر سزائے موت ،365-Bکے تحت الزام ثابت ہونے پرعمر قید اور25لاکھ روپے جرمانہ ، جبکہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ2016کی دفعہ21کے تحت3سال قید اور10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ،عدالت نے ملزمان کے زیر استعمال واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی متاثرہ طالبہ کو دینے کے ساتھ 10لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ تمام سزائوں پر بیک وقت عملدرآمد کیا جائے جبکہ ملزم کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ382بی کا فائدہ بھی دیا گیا ہے،عدالت نے یہ بھی قرار دیا متاثرہ طالبہ کو ہرجانہ کی رقم ملزم کی جائیداد فروخت کر کے دی جائے عدالت نے کرن محمود کو 365-Bکے تحت الزام ثابت ہونے پرعمر قیداور10لاکھ روپے جرمانہ اور پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ2016کی دفعہ21کے تحت3سال قید اور10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ،دونوں سزائوں میں جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزمہ کو مزید1سال قید بھگتنا ہو گی۔
طالبہ اغوا زیادتی اور ویڈیو سکینڈل کیس ملزم کو مجموعی طور پرسزائے موت عمر قید35لاکھ جرمانہ
Jan 26, 2021