وزیراعظم یا کسی وزیر نہیں سندھ اسمبلی کو جواب دہ ہوں : مراد شاہ

Jan 26, 2021

چین سے براہ راست کووڈ ویکسین کی خریداری کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا، ڈائو یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب، کراچی(وقائع نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو)  کو اس شرط  پر لینے  کے لیے آمادہ  ہوگی  جب وفاقی حکومت اگلے پانچ سال تک بجلی کی سبسڈی جاری رکھے گی۔ یہ بات انہوں نے اوجھا کیمپس میں ڈائگنوسٹک کمپلیکس اور ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف لائف سائنسز کے افتتاح کے فوراً بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایک سوال کے جواب میں  وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ہیں جو بھاری نقصان میں ہیں۔ میں نے بہت پہلے وزیر اعظم کو خط لکھا تھا اور ان  دونوں کمپنیوں کو سبسڈی جاری رکھنے کی شرط پر حکومت سندھ کے حوالے کرنے کی درخواست کی تھی، جو  اس وقت  وفاقی حکومت انہیں دے رہی ہے۔ چاہتے ہیں سبسڈی اگلے پانچ سال تک جاری رہے تاکہ ہم انہیں دوبارہ ٹریک پر لاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک چینی سرمایہ کار کمپنی سندھ حکومت کے ساتھ شراکت میں حیسکو اور سیپکو چلانے کے لئے صوبائی حکومت سے رابطے میں ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی کے بارے میں  پوچھے گئے  سوال کے جواب میں انہوں نے کہا  کہ وہ ایک ذمہ دار شخص ہیں اور اس معاملے  کو میڈیا پر نہیں اچھالیں گے۔ خط کے حوالے سے پوچھے گئے  سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا خط خفیہ تھا اور سمجھ نہیں آتا کہ میڈیا کو یہ کیسے لیک کیا گیا۔  وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں وزیراعظم سمیت کسی بھی شخص کو جوابدہ نہیں ہوں  سوائے سندھ  اسمبلی کے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے وفاقی حکومت کو ایک خط لکھا ہے جس  میں  چین سے براہ راست ویکسین خریدنے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انسٹی ٹیوٹ آف لائف سیونگ سائنسز اور ڈائیگنوسٹک  کمپیلکس کا افتتاح کرنے  کے فوراً بعد یہاں کا دورہ بھی کیا۔ڈائو یونیورسٹی کے  وی سی  ہیلتھ  آف  سائنسز  ڈاکٹر سعید  قریشی  نے کہا کہ ڈائنگوسٹک سہولیات کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے ان کے پاس 100 ملین روپے کی کمی ہے۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  اگر آپ 30 جون تک اس سہولت کو مکمل کرنے جا رہے ہیں تومیں 100 ملین روپے فراہم کرنے کا اعلان کرتاہوں۔ علاوہ ازیں  وزیراعلیٰ سندھ  سید مراد علی شاہ  نے سندھ انفیکشیس ڈیزیزاینڈ ریسرچ سینٹر  (کرونا ہسپتال) کا دورہ کیا۔

مزیدخبریں