سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری اورسندھ پولیس میں معاہدہ 

کراچی (نیوزرپورٹر) صوبے کی پہلی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) جامعہ کراچی اور سندھ پولیس کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصدپانچ کروڑ روپے کی ریوالونگ فنڈ کی سہولت کوپولیس کی جانب سے ایس ایف ڈی ایل میں جمع کیے گئے فرانزک نمونوں کے تجزیات میں بروئے کار لانا ہے۔ معاہدے کے تحت پولیس کا فنانس ڈیپارٹمنٹ پانچ کروڑ روپے پر مشمتل ریوالونگ فنڈ قائم کرے گا، پولیس اس فنڈ کو ایس ایف ڈی ایل میں جمع کیے گئے فرانزک نمونوں کے تجزیات میں بروئے کار لائے گی جبکہ فنڈ کی مقدارکو برقرار رکھا جائے گا۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اورسندھ پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں حال ہی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں انچارج ایس ایف ڈی ایل ڈاکٹر اشتیاق احمد اور صنعتی تجزیاتی مرکز کے انچارج ڈاکٹر شکیل احمد بھی موجود تھے۔اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ سندھ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور پاکستان میں دوسری فرانزک لیبارٹری ہے جسے جمیل الرحمن سینٹر فار جینومکس ریسرچ میں قائم کیا گیا ہے، تربیت یافتہ اسٹاف پر مشتمل یہ جدیدقومی لیبارٹری دراصل ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کا حصہ ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرتی ہے۔ایڈیشنل آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کے عنوان سے فرانزک لیبارٹری کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا اس کی مدد سے انصاف کی فراہم آسان ہوگئی ہے، فورینزک سائینس جرائم کے مشکل کیسز کے حل کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے، انہوں نے سندھ فرانزک لیبارٹری کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے سندھ پولیس اورسندھ فرانزک لیبارٹری پیشہ ورانہ میدان میں ایک دوسرے سے قریب آئیں گے۔

ای پیپر دی نیشن