کراچی (نیوزرپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن کی دیمک نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ،کرپشن کو ختم کئے بغیر ملک ترقی کی جانب گامزن نہیں ہوسکتا ،معاشی دہشتگردی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے،پاکستان کو دہشتگردی کے ذریعے کمزورکرنے کی اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے اور انشاء اللہ یہ رہتی دنیا تک قائم ودائم رہے گا،دین سے دوری کی وجہ سے آج مسلمان مصائب وآلام میں مبتلا ہیں ،ایک اللہ ،ایک رسول ،ایک قرآن کے ماننے والوں کے اتحاد ویکجہتی کو ختم کرنے کیلئے اسلام دشمن طاقتیں سازش کررہی ہیں ،فرقہ واریت ملک کیلئے زہر قاتل ہے ،حکومت فرقہ واریت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرئے،پاکستان کی سلامتی کیلئے بانیان پاکستان کی اولادیں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگی ،ان خیالات کا اظہار انہوں اپنی رہائش گاہ قادری ہائوس پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کی ترقی وخوشحالی سے خوش نہیں ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہم نے صرف اور صرف پاکستانی ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی ،پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہم اپنی پہچان پر آنچ آتا نہیں دیکھ سکتے ،انہوں کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے اللہ عزوجل کے عذاب کو دعوت نہ دیں ،مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے ،پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ہے ،دہشتگردی کا خاتمہ کرکے ہی ملک کو آگے کی طرف لیجایا جاسکتا ہے ۔