شہرقائد میں نئے قبرستان قائم کرنے کیلے 60ایکڑاراضی مختص

Jan 26, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شہر میں نئے قبرستان قائم کرنے کے لئے 60 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جس سے شہریوں کو اپنے عزیز و اقارب کی تدفین کے لئے مزید جگہ دستیاب ہوگی، قبرستان مافیا سے نجات حاصل کرنے کے لئے مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں سماجی و رفاعی ادارے ماڈل قبرستانوں کے قیام میں تعاون کیلئے تیار ہیں، شہر میں موجودہ اور نئے قبرستانوں کو ہر قسم کی تجاوزات اور بے ضابطگی سے محفوظ رکھنے کے لئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا ضرور اٹھائیں گے، یہ بات انہوں نے حکومت سندھ کے محکمہ استعمال اراضی (لینڈ یوٹی لائزیشن ڈپارٹمنٹ) 
کی جانب سے ضلع غربی کراچی کے دیہہ مواچھ اور دیہہ ماڑی پور میں دو نئے قبرستانوں کے لئے 55 ایکڑ اور 5ایکڑ اراضی مختص کرنے کے اقدام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ قبرستانوں کے لئے مختص کی جانے والی یہ اراضی کسی دوسرے مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکے گی اور ان جگہوں کو محکمہ بلدیات مقامی سطح پر شہریوں کو اپنے عزیز و اقارب کی تدفین کی سہولت فراہم کرنے کے لئے استعمال میں لائے گا، انہوں نے کہا کہ دیہہ مواچھ اوردیہہ ماڑی پور میں ان قبرستانوں کی دیکھ بھال ، تجاوزات کی روک تھام کا بندو بست اور قبروں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا کسی کو اپنی من مانی اور غلط کام کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ نئے قبرستان قائم ہونے سے کراچی میں آبادی کی ضرورت کے لحاظ سے درکار قبرستان کی مزید جگہ فراہم ہوگی اور شہریوں کو اپنے متعلقہ ضلع میں تدفین میں سہولت ہوگی ، بلدیہ عظمیٰ کراچی پہلے ہی اپنے زیر انتظام قبرستانوں میں تدفین اور کاغذات کی تیاری کے لئے ون ونڈو کا طریقہ متعارف کرانے کا فیصلہ کرچکی ہے اور قبرستانوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے مینجمنٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئرٹرسٹ ، جے ڈی سی ویلفیئر آرگنائزیشن، ایدھی فائونڈیشن، عالمگیر ویلفیئر، چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن اور دیگر فلاحی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں کو ان کمیٹیوں میں نمائندگی دی جارہی ہے۔

مزیدخبریں