متحدہ عرب امارات کی کمپنی دبئی پورٹس "ڈی پی ورلڈ"اورانگولا کی حکومت کے درمیان بندرگاہ لوانڈا کے ٹرمینل کو جدید بنانے کے لئے 190 ملین امریکی ڈالر کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈی پی ورلڈ کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو سلطان احمد بن سلیئم نے انگولا کے صدر جواﺅ لوورنکو کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعدکہا کہ ہماری کمپنی آئندہ 20 سالوں کے دوران مجموعی طور پر 190 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔چیئرمین نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے عالمی بندرگاہ آپریٹر بندرگاہ لوانڈا میں سرگرمی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور انگولا میں مزید ،ٹکنالوجی ، آٹومیشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں بڑی سرمایہ کاری لانے کے لئے دنیا بھر کے رابطوں کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انگولا کے وزیر ٹرانسپورٹ رکارڈو ڈی ابریو نےکہا کہ متحدہ عرب امارات کی کمپنی کے ساتھ شراکت سے انگولا کی لاجسٹک صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔انگولا اور متحدہ عرب امارات کے تیل اور گیس ، کان کنی ، تجارت اور سرمایہ کاری ، توانائی ، دفاع ، نقل و حمل ، زراعت ، ماہی گیری ، بینکاری ، ٹیلی مواصلات اور مالیات سمیت وسیع شعبوں میں تعاون ہے۔
اماراتی کمپنی انگولا میں بندرگاہ کو جدید بنانے کے لئے 190 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی
Jan 26, 2021 | 13:23