قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برس سے زائد کے عرصے میں بدعنوان عناصر سے 487 ارب روپے برآمد کئے گئے ہیں۔آج اسلام آباد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مختلف عدالتوں میں 1235 ریفرنسز زیرالتواء ہیں اوران میں ایک فیصد بھی ریفرنس تاجروں کے خلاف نہیں ہے۔جاویداقبال نے کہاکہ قومی احتساب بیورو تاجربرادری کے خلاف ٹیکس مقدمات کی پیروی نہیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ تاجروں اورکاروباری حضرات کو سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔تاہم چیئرمین نیب نے کہاکہ بدعنوان عناصرکوکسی صورت نہیں چھوڑ اجائے گا۔انہوں نے کہاکہ غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں سے اربوں روپے برآمد کرکے رقم متاثرین کولوٹائی گئی ہے۔جاوید اقبال نے انسداد بدعنوانی کے ادارے کے خلاف پراپیگنڈہ مہم پر افسوس ظاہر کیااور کہاکہ ادارہ بلا خوف ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہے گا۔