موڑکھنڈا (نامہ نگار) بدچلنی کے شبہ پر بھائی نے ساتھی کے ہمراہ شادی شدہ بہن کوپھندہ دے کر مار ڈالا۔ خاوند کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ملزم فرار ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ نواحی گاؤں منگن ضلع اوکاڑہ کے رہائشی ناصر عباس کی شادی 15 سال قبل طفیل نامی شخص کی بیٹی سمیرہ بی بی سے ہوئی جن کے بطن سے 3 بچے پیدا ہوئے۔ جبکہ سمیرہ بی بی کے بھائی ذوالفقار کو اپنی ہمشیرہ کے کردار پر شک تھا کہ اس کے کسی کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ اس رنجش کی بنا پر ذوالفقار نے گزشتہ شب اپنے ساتھی صدام کے ہمراہ بہن کو گھر سے کھیتوں میں لے جا کر گلے میں پھندادے کر اور اینٹ مار کر قتل کر کے نعش کھیتوں میں پھینک کرساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گیا۔ مانگٹانوالہ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر خاوند کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔