لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے قمبر حمید اور رانا خالد محمود نے یہاں اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور سویرا میر بھی موجود تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حکومت کے خلاف ہمیشہ یہی حکمت عملی ہوتی ہے کہ ہر چھوٹے بڑے مسئلے پر حکومت کو زچ کرے تاکہ حکومت اشتعال میں آ کر غلط فیصلے کر کے اپنا نقصان کرے جبکہ حکومت کی سلامتی اور بھلائی اسی میں مضمر ہوتی ہے کہ وہ اپوزیشن کے جال میں نہ آئے اور ٹھنڈے دل و دماغ سے اپنے فیصلے کرے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈروں جیسے بیانات دینے سے نہ صرف حکومت کی اپنی سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے بلکہ انتظامی مشینری کا مورال بھی ڈائون ہو جاتا ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اس کو اپوزیشن کے پنجے سے چھڑایا ہے لیکن حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ بڑے بڑے فیصلے کرنے سے پہلے اتحادی جماعتوں سے بامقصد مشاورت کرنے کی روش اختیار کرے اور خواہ مخواہ اتحادیوں کو اپوزیشن کیمپ کی طرف نہ دھکیلے۔ اگر ملک کو معاشی خوشحالی سے ہمکنار کرنا ہے تو عوام کو ریلیف دینا ہوگا اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔ جمہوریت کے پروان چڑھنے سے ملک مضبوط ہوگا اسی میں سب کی بھلائی ہے۔