کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے 30 جنوری کا سورج ثابت کردے گا کہ پی ایس پی سندھ کے ظالم اور متعصب حکمرانوں کے ظلم کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ صوبہ سندھ میں لسانی بنیادوں پر فسادات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ورنہ جس طرح بھولو خانزادہ کے قتل پر سیاست کی گئی، اس سے صاف ظاہر ہے کہ موت کے سوداگروں کو اپنی ناکام سیاست چمکانے کے لیے لاشوں کا انتظار ہے۔ عوام کو حق حکمرانی دینے کی ضرورت ہے، تعصب سے نکلنا ہوگا۔ تاجر برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اربوں کا ٹیکس دے کر بھی سہولیات موجود نہیں، صحیح لوگوں کو اقتدار میں لانے کیلئے عملی کوشش کریں۔ این جی او بنا کر ایک یا دو اسکولز یا اسپتال چلانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں کراچی کی تاجر برادری کے نمائندوں کے اعزاز میں پاک سرزمین بزنس فورم کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل جبکہ تاجر برادری کی جانب سے چیئرمین تاجر اتحاد کراچی عتیق میر، چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل احمد پراچہ، چیئرمین کراچی سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب، محمد عبداللہ بترا صدر اورنگی ٹریڈرز ایسوسی ایشن، آصف گلفام، حکیم شاہ، محمد اسلم بھٹی سمیت دیگر عمائدین شہر موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بزنس فورم کے صدر قمر اختر نقوی نے کہا کہ پی ایس پی پاکستان کی معاشی شہ رگ کے تاجروں کی آواز ہے، تاجروں کے مسائل کا حل پی ایس پی کے علاہ کسی سیاسی جماعت کے پاس نہیں۔
پی ایس پی ظالموں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار: مصطفی کمال
Jan 26, 2022