اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن کے اہم اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی الیکشن کمشن کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی پر بریف کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے رجسٹریشن افسروں و دیگر عملہ جو اس کام کی ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے ان کی اب تک کی کارکردگی پر اطمنان کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے تمام صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری کیں کہ عوام کو ہر سہولت و معاونت فراہم کی جائے تا کہ تمام اہل افراد کے ووٹ قانون کے مطابق ان کے شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق انتخابی فہرستوں میں درج ہوں اور وہ اپنا حق رائے دہی اپنے متعلقہ انتخابی علاقہ جات میں استعمال کریں۔ صوبائی الیکشن کمشنرز نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کا کام تینوں صوبوں اور اسلام آباد میں جاری ہے اور الیکشن کمشن کے شیڈول کے مطابق انکی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے واضح کیا کہ حلقہ بندیوں کی تکمیل کے بعد الیکشن کمشن انتخابات کے انعقاد کیلئے تیار ہے۔