اسلام آباد/راولپنڈی/ لاہور (نامہ نگار‘ جنرل رپورٹر‘سپورٹس رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 6ہزار 357کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 17مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 556مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 81فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 29ہزار 122کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 81 ہزار 152 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 82 ہزار 396 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 200 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 69 ہزار 634 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں تشویش ناک اضافہ ہورہا ہے مثبت کیسز کی شرح 22 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں کرونا کیسز کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور یہ اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں کرونا کے 8ہزار 234ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں 1ہزار 836افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی و ناجائز منافع خوری پر متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 65 ہزار 50 روپے کے جرمانے کئے ہیں 4 دکانوں اور 8 ریستوران کو سربمہر کر دیا ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق انتظامیہ کی ٹیموں نے مجموی طور پر 583 انسپکشنز کیں اور کرونا ایس او پیز اور ناجائز منافع خوری پر مجموعی طور پر 65 ہزار 50 روپے کے جرمانے کئے اور 4 دکانوں اور 8 ریستوران کو سربمہر کیا جبکہ 13 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔کرونا وائرس کا مریض تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے فیصل آباد ریفر کرتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا چک نمبر 367 گ ب کا رہائشی مزمل کو کرونا وائرس کے شبہ میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایاگیا جہاں پر ڈیوٹی ڈاکٹرز نے مذکورہ شخص کو فیصل آباد ریفر کر دیا مریض کو فیصل آباد لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستہ میں دم توڑ گیا۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ گزشتہ روز پشاور زلمی کے کامران اکمل اور ارشد اقبال کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اب وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کرونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کرونا رپورٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ طبیعت بہتر ہے مکمل پروٹوکولز کا خیال رکھا رہا ہوں۔ وسیم اکرم نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور مداحوں سے اپیل کی کہ انہیں دعاؤں میں یاد رکھیں جلد میدان میں ہوگا۔