لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ریسکیو1122سروس نے ایک اور سنگ میل عبورکرلیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کی 79تحصیلوں میں ریسکیو 1122 سروس کا مرحلہ وار باضابطہ آغازکیا۔پہلے مرحلے میں 11تحصیلوں میں عوام کو ایمرجنسی سرو س کی بروقت فراہمی کیلئے 22 نئی ایمبولینسز متعلقہ حکام کے حوالے کرنے کی تقریب وزیراعلیٰ آفس میں ہوئی۔ عثمان بزدار نے نئی ایمبولینسز میں ریسکیوکے لئے جدید سہولتوں کامشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں شرقپور شریف، صفدرآباد، نارنگ منڈی، نوشہرہ ورکاں، نورپور، قائد آباد، کہروڑ پکا، رینالہ خورد، پنڈی بھٹیاں، دریا خان اور جلال پور پیر والا کی تحصیلوں میں ریسکیو1122 کا آغازکیاہے۔ ہماری حکومت نے ریسکیو سروس کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک وسیع کیا ہے۔ پنجاب کی 79 تحصیلوں اور ٹاؤنز میں نئے ریسکیو سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ان تحصیلوں میں جون تک ایمرجنسی سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ایمرجنسی سروسز کو مزید منظم کرنے کیلئے ریسکیورز کے لئے سروس سٹرکچر مرتب کیا ہے۔ اب ریسکیورز ترقی کے مواقع حاصل کرسکیں گے۔ پنجاب پاکستان کا پہلاصوبہ ہوگا جہاں ہنگامی صورتحال کے لئے ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے۔ عثمان بزدار نے وزیر اعظم کے بارے میں غیر شائستہ الفاظ استعمال کرنے پر مریم اورنگزیب کے بیان کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدتہذیبی اور بد تمیزی مسلم لیگ ن کا وطیرہ رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ماضی میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف بھی غیر شائستہ الفاظ استعمال کرتے رہے۔ مریم اورنگزیب نے اخلاقی پستی کا مظاہرہ کر کے ہر پاکستانی کی دل آزاری کی ہے اور ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ ن میں اخلاقی، سیاسی و جمہوری اقدار کا کوئی وجود نہیں۔ نازیبا الفاظ پر انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ مسلم لیگ ن اس وقت چور مچائے شور والا راگ الاپ رہی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میںانسداد پولیو مہم 28 جنوری تک جاری رہے گی اور 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کے دوان بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا رہے ہیں۔