آسٹریلیا ایک ہی وینیو پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا خواہشمند تجویز زیر غور نہیں پاکستان کرکٹ بورڈ

Jan 26, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کی تیاریوں کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے پاکستان کے دورے کی وجہ سے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز میں شامل نہیں۔ ٓسٹریلوی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا تینوں ٹیسٹ میچ ایک ہی وینیو پر کھیلنے کا خواہشمند ہے اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کیساتھ بات چیت جاری ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ تین مارچ سے کراچی میں شروع ہونا ہے جبکہ دیگر دو ٹیسٹ میچز راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول ہیں۔جھے رچرڈسن کے علاوہ فل ٹیسٹ سکواڈ پاکستان بھیجنے پر کام کر رہا ہے جبکہ مچل سٹارک بھارتی لیگ سے دستبردار ہو کر دورہ پاکستان کا اشارہ دے چکے۔تاہم ملٹی فارمیٹ میں شامل بعض کرکٹرز ون ڈے یا ٹی ٹونٹی سیریز مس کر سکتے ہیں جبکہ بعض کرکٹرز دورہ پاکستان کے حوالے سے آرام دہ نہیں ہیں۔ دورہ پاکستان کیلئے ابتدائی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان جلد کر دیا جائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے میچز ایک وینیو پر کروانے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز کراچی راولپنڈی اور لاہور میں ہی ہوں گے ، ان تینوں وینیوز پر محفوظ اور سکیور ماحول کے انتظامات کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کے 19 روز کا ایک وینیو پر انتظام کرنا ممکن نہیں ہے۔ سیریز کے قریب این سی او سی کراوڈ کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔

مزیدخبریں