کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سڑکوں کے نیٹ ورک اور بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنا رہی ہے، مکمل نیک نیتی اور جذبے کے ساتھ کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیںیہی وہ حقیقی تبدیلی ہے جس کا لوگوں کو انتظار تھا،وسائل اور اختیارات کا رونا رونے کے بجائے اگر نیک نیتی کے ساتھ کراچی کے شہریوں کی خدمت کی جاتی تو نتائج مختلف ہوتے، 6 کلومیٹر طویل مچھلی چوک تا کینپ ہاکس بے روڈ تعمیر ہونے سے علاقے کے مکینوں کو سہولت حاصل ہوگی، پہلی مرتبہ اس سڑک کو دو رویہ کیا جارہا ہے، 84 کروڑ روپے کی لاگت سے اگلے چار ماہ میں اس سڑک کی تعمیر مکمل کرلیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز مچھلی چوک تا کینپ ہاکس بے روڈ کی تعمیر اور اسے دو رویہ بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر مچھلی چوک ہاکس بے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ آصف خان، پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی احمد جان، علی حمزہ،میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔