لاہور(خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، سیدعبداللہ شاہ، قاری ظہورالحق، قاری محمداقبال، مولانا ظہیراحمد قمر، مولانا عبدالشکوریوسف نے اجتماع سے کہا سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی مغرب کی رذیل سوچ اور ذہنیت کی عکاس ہے۔ سویڈن کے دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت کے سربراہ راسموس پالودان کے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ناپاک اور و مکروہ فعل نے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کو مذہبی آزادی، رواداری اور اعتدال پسندی کا درس دینے والا مغرب خود اسلام دشمنی میں بدترین قسم کی انتہا پسندی اور دہشت گردی پر آتر آیا ہے۔ گزشتہ دنوں سویڈن میں قرآن کریم کی شان اقدس میں سخت گستاخی کی گئی جو کسی بھی صورت میں قابل برداشت نہیں ہے۔ لہٰذا اس صورت حال کے پیش نظر کل بھرپور یوم احتجاج منایا جائیگا۔ گورنمنٹ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ سویڈن کے سفیر سے اس معاملہ پر بھرپور احتجاج کیا جائے اور آئندہ ایسے انتہائی نامناسب اقدامات کی روک تھام کی جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلاموفوبیا اہلِ مغرب کی رگ و پے میں سرایت کر چکا ہے۔ اسی لیے سویڈن کی پولیس بے حرمتی کرنے والے ملعون راسموس پالودان کو روکنے کی بجائے اس کی حفاظت کرتی رہی۔لہٰذا اس کی توہین کی کوشش کرنے والوں کا مقدر ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہ ہوگا۔
اسلاموفوبیا اہلِ مغرب کی رگ و پے میں سرایت کر چکا ہے:مولانا عزیزالرحمن ثانی
Jan 26, 2023