موجودہ حالات میں صوفیا کے اندازِ فکرکو اپنائے بغیر کوئی چارہ نہیں:طاہر رضا بخاری


لاہور(خصوصی نامہ نگار)ڈائریکٹرجنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا دربارعامر شہزاد رانجھا، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی حافظ جاوید شوکت، منیجران اوقاف شیخ محمدجمیل، طاہرمقصود، پرنسپل جامعہ ہجویریہ عرفان اللہ اشرفی،ریسرچ فیلو مرکز معار ف اولیا ء مشتاق احمد سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے 811ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات کا آغاز،کل جمعۃ المبارک 11 بجے دن، خواجہ اجمیر قومی تصوف کانفرنس سے ہوگا۔کانفرنس میں نامور سجادگان،معرو ف سکالرز اور علما ء شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا دوسرا سیشن بروزہفتہ دن10بجے ہجویری ہال داتا دربار،جبکہ محفلِ سماع کا اہتمام دن ایک بجے دوپہر،ایگزیکٹو ایریا متصل گیٹ نمبر4پر ہوگا۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے حجرہ اعتکاف کے غسل کی تقریب 29 جنوری اتوار 8 بجے صبح داتا دربار میں ہوگی۔ اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل اوقاف نے کہا کہ عرس تقریبات روادارانہ فلاحی معاشرے کے قیام کی فکری بنیادوں کو مضبوط اور مستحکم کرنے میں مدد گار اور سوسائٹی میں انتہا پسندانہ رجحانات کی بیخ کنی میں ممد ثابت ہونگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صوفیا کے اندازِ فکرکو اپنائے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ اس سے معاشرے میں اخوت،محبت اور بھائی چارے کے داعئیے اورجذبے فراواں ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن