کراچی بلدیاتی انتخابات،یو سیز کی شکایات درج کرائیں،الیکشن دوبارہ کرادینگے:چیف الیکشن


   اسلام آباد(خصوصی  نامہ نگار ) الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی سے 7 روز میں دھاندلی کے ثبوت اور تفصیلات طلب  کرتے  ہوئے کراچی بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت دو فروری تک ملتوی کردی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں بدنیتی ثابت ہوئی تو آر اوز کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ بدھ کو سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے کراچی بلدیاتی انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی۔ جماعت اسلامی کے وکیل نے دلائل دیے کہ الیکشن میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگی ہوئی، پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے ووٹوں کی گنتی میں ہی غلطی کر دی گئی، ایک یو سی میں فارم 11 کے مطابق جماعت اسلامی کے 2088 اور پیپیلز پارٹی کے 546 ووٹ تھے، لیکن آر او رزلٹ میں پیپلز پارٹی کے ووٹ 1988 کر دیے گئے، آر اوز اور پولنگ عملے نے بہت زیادتیاں کی، تین پولنگ اسٹیشن پر وہ پولیس کے ساتھ آئے اور ڈبے لیکر بھاگ گئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ ان یوسیز کی شکایت درج کرائیں ، ہم الیکشن دوبارہ کرا دیں گے ، فارم الیون سب سے اہم فارم ہے، اس حوالے سے سختی سے تاکید کی تھی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے مجھ سے کہا کہ آر او کا رزلٹ الگ اور فارم الیون کا الگ آرہا ہے، اگر فرق آرہا ہے تو وہ درست ہو جائے گا۔ سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات سنجیدگی سے لئے ہیں، الیکشن کمیشن کسی بھی محکمے کے لوگوں کو سزا دے سکتا ہے ، ڈسکہ کی مثال آپ کے سامنے ہے، اس معاملے میں کچھ ہوا تو مثال بنائیں گے، جماعت اسلامی یونین کونسل کے فارم الیون اور آر او کے نتائج الیکشن کمیشن کو فراہم کریں ، جس شخص کی غلطی ہوئی اس کے خلاف ایکشن لیں گے، آپ کے تحفظات کو دور کریں گے، اگر فارم الیون میں فرق ہوا تو پریزائیڈنگ افسران کو سزا ہوگی۔ جماعت اسلامی کے امیدوار نے کہا کہ میرے پاس ویڈیو موجود ہے یہ تیر کے نشان پر ٹھپے لگا رہے ہیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ دھاندلی کے ثبوت لیکر آ جائیں ، ہم یہاں پر ویڈیو دیکھیں گے۔ پیپلز پارٹی بلدیاتی سیل کے انچارج نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کسی جماعت نے شکایت درج نہیں کرائی، سب لوگ مطمئن ہیں، شہر میں کسی کو شکایت نہیں ، صرف جماعت اسلامی کو ہے، ہارنے پر اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ درخواست گزار اپنے جواب اور ثبوت کی کاپی جمع کرا دیں ، وہ کاپی جوابدہ اور آر اوز کو فراہم کرنی ہیں ، آر اوز نے آکر جواب دینا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے متعقلہ آر اوز سے کہا کہ الیکشن کمیشن ترجیح دیتا ہے آر او انتظامیہ سے ہوں، سندھ میں ہمارا تجربہ اچھا نہیں رہا، آپ سول سرونٹ ہیں ، آپ نے نیوٹرل ہو کر کام کرنا ہے، بدنیتی پر صرف نتیجہ درست نہیں ہوگا بلکہ آپ کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے ثبوت اور تفصیلات فراہمی کے لئے درخواست گزاروں کو سات روز دیتے ہوئے کراچی بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت دو فروری تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن