لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سینئر کلاسز کے طلباء کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنگ نظری اتحاد و یکجہتی،عقل و شعورکی دشمن اور ترقی کے راستے کی بڑی رکاوٹ ہے۔ آج نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان پر حملے ہورہے ہیں۔ بطور قوم ہماری شناخت کو مٹایا جارہا ہے۔ طلباء نظریاتی دہشت گردی کے خلاف دیوار بنیں۔ اپنا مضبوط تعلق قرآن و سنت کی تعلیمات کے ساتھ استوار کریں۔ نوجوان خود کو بری صحبتوں سے بچائیں، اپنے ایمان،اخلاق، کردار اور وقت کی قدر اور حفاظت کریں۔ اہل علم اور صاحبان تقویٰ کی مجالس میں بیٹھیں۔ زمانہ طالب علمی کا ہر لمحہ حصول علم پر صرف کریں۔ زمانہ طالب علمی میں کی جانے والی محنت زندگی کے آخری سانس تک کام آتی ہے۔ دریں اثناء معروف ماہر معاشیات و ڈپٹی چیئرمین منہاج یونیورسٹی لاہور بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری آج لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں ’’ اسلامی معیشت اور ملک کو درپیش چیلنجز‘‘ کے موضوع پر خصوصی لیکچر دیں گے۔تقریب میں لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیدار،ایگزیکٹو ممبران، تاجر رہنما و صنعتکار بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔