آئی ایم ایف  پاکستان کو بھوک وافلاس میں دھکیلنا چاہتا ‘ ایم ڈبلیو ایم 

Jan 26, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین پاکستا کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ  پاکستان کو مہنگائی اور غربت کا پیکیج دینے والوں کا عوام محاسبہ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں،حکمرانوں نے مہنگائی کو کم نہیں کیا تو عوام کو سڑکوں پر آنے سے کوئی روک نہیں سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لینے کیلئے عوام پر مہنگائی کے تابڑ توڑ حملے کا سلسلہ بند کیا جائے،مہنگائی عالمی مسئلہ نہیں ہے حکمران عوام پر رحم کریں، مہنگائی کو روکیں آئی ایم ایف استحصالی ادارہ ہے جو پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف غریب عوام دشمن پر مبنی پالیسیوں پر گامزن ہے، پاکستان کے عوام کو بھوک وافلاس میں دھکیلنا چاہتا ہے، عوام کوبنیادی حقوق سے محروم مہنگائی کے ذریعے آخری نوالہ تک چھینا جارہا ہے،عوام کے مسائل حل نہ کرنیوالی حکومت زیادہ چل نہیں سکتی حکمران ماضی سے سبق حاصل کریں،دعوؤں کا دور ختم ہوچکا اب تو عوام کو معاشی ریلیف دینا ہی ہوگا، مہنگائی کو روکنے میں حکمران بے بس ہیں، ملک کو سیاسی ومعاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے بیرونی پالیسیوں کو مسترد کرنا ہوگا،حکومت توانائی بحران کے خاتمے اور سستی بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرے۔

مزیدخبریں