مسلم دنیا میں جہل، توہم پرستی کا اندھیرا چھایا ہوا، پروفیسر عطا الرحمن

Jan 26, 2023


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم دنیا میں جہل اور توہم پرستی کا اندھیرا چھایا ہوا ہے، مسلم ممالک کے کسی بھی سائینسی ادارے نے ابھی تک کوئی ایک نوبل پرائز حاصل نہیں کیا ہے جبکہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف کیمبرج نے تنہاء 121 نوبل پرائز حاصل کیے ہیں، کامسیٹس کوچاہیے کہ وہ پالیسی سازی میں تعلیم، سائینس، ٹیکنالوجی اور انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پر خصوصی فوقیت دیں۔ یہ بات انھوں نے بدھ کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے زیرِ اہتمام منعقدہ کامسیٹس کی کوآرڈینیٹنگ کونسل کے چوبیسویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کہی۔افتتاحی تقریب سے کامسیٹس کی کوآرڈینیٹنگ کونسل کے چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر اشرف شالان، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری، کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نفیس زکریا اور بین الاقوامی مرکز کی پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے بھی خطا ب کیا۔ اس موقع پردی ورلڈ اکیڈمی آف سائینسزکے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن سمیت دیگرملکی اور غیر ملکی ماہرین بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں