کرس ہاپکنز نے  وزیراعظم نیوزی لینڈ  کاحلف اٹھا لیا: شہباز شریف کی مبارکباد

Jan 26, 2023


ویلنگٹن‘ اسلام آباد (آئی این پی + خبر نگار خصوصی) جیسنڈا آرڈرن کے گزشتہ ہفتے اچانک استعفیٰ دینے کے بعد لیبر پارٹی کے رہنما کرس ہاپکنز نے نیوزی لینڈ کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے، تقریب کے دوران کارمل سیپولونی نے بھی بطور نائب وزیر اعظم حلف اٹھایا، اس موقع پر نو منتخب کیویز وزیراعظم نے کہا یہ میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے، میں آگے آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پرجوش ہوں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرس ہاپکنز کو نیوزی لینڈ کا 41 واں وزیراعظم بننے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ ٹویٹ میں کہا کہ میں کرس ہاپکنز کے ساتھ مل کر دونوں دوست ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور وسعت دینے کا متمنی ہوں۔ وزیراعظم نے کیوی وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حلف/ مبارکباد

مزیدخبریں