ملک ہے تو ہم ہیں،ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا:گورنر سند ھ

Jan 26, 2023


کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ جیسے اعمال ہوں گے ویسے حکمران ہوں گے۔ ہم ملک کا نہیں سوچتے اس لیے معاشی اور سیاسی مسائل کا شکار ہیں۔ اللہ نے ہمیں ہر طرح کے وسائل سے نوازا ہے، ہمیں اپنی سمت کا اندازہ نہیں۔ پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے۔اس ملک میں بہت کچھ درست کرنے کی ضرورت ہے، اس کے لیے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ الدراسات الاسلامیہ گلشن اقبال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے میجر جنرل(ر) غلام قمر، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر و مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن مفتی محمد یوسف کشمیری، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے ناظم الاموراستاد ابو عبداللہ، مجلس وحدت المسلمین کے صدر علامہ صادق جعفری، معہد القرآن الکریم کے مدیر خلیل الرحمن لکھوی، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے استادا بو معاذ حنیف، جامعہ ستاریہ الاسلامیہ کے نائب مدیر مفتی انس مدنی اورسماجی رہنما ذوالفقار احمد فارقی نے بھی خطاب کیا۔
کانفرنس میں علمائے کرام، سماجی و سیاسی شخصیات اور معززین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی۔ گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں پاکستانیت ختم ہوچکی ہے۔ سب سے پہلے اپنے اعمال درست کرنے ہوں گے۔ دین اسلام کا پیغام بھی امن، اخوت اور بھائی چارگی ہے۔فیصلہ یہ کرنا ہے کہ ہم اچھی بات پر عمل کس قدر کرتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ عمل نہ کرنے کی وجہ سے 75 سال گزرنے کے بعد بھی ہم امن و امان اور معیشت کے لیے پریشان ہیں۔ہمارے پاس ملک ہے، لیکن ہمیں اس کی قدر نہیں۔ ہم قومیتوں میں تقسیم ہوچکے ہیں۔بدقسمتی سے ہم ہر وقت پاکستان کی برائیاں کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ہم بہت کچھ بن گئے، لیکن ایک اچھا انسان نہیں بنے۔گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔ملک چلانے والوں سے سو خامیاں ہوئی ہوں گی، لیکن ہمیں مستقبل کے لیے درگزر کرنا ہوگا۔اس ملک کے لیے قربانیاں دی گئیں، ہماری فورسز آج بھی قربانیاں پیش کر رہی ہیں۔ان سب قربانیوں کا مجموعی نتیجہ اس ملک کے املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی صورت میں ہونا چاہیے جو کوشش بحیثیت گورنر میں کرسکا، بغیر کسی خوف کے کروں گا۔مجھے جواب اللہ کو دینا ہے۔میجر جنرل (ر) غلام قمرنے کہا کہ پیغام پاکستان بظاہر ایک ڈاکومنٹ کا نام ہے، جس پر علمائے کرام کے دستخط موجود ہیں۔ہم نے اس کے ذریعے وعدے کیے کہ استحکام پاکستان کے لیے کردار ادا کریں گے۔جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے ناظم الامور استاد ابو عبداللہ نے کہا کہ پاکستان کو اجتماعیت کی جتنی ضرورت آج ہے، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔جامعہ ستاریہ الاسلامیہ کے نائب مدیر مفتی انس مدنی نے کہا کہ اسلامی تاریخ کی پہلی ریاست مدینہ تھی، جس کا فیض قیامت کی صبح تک جاری رہے گا۔
گورنر سندھ

مزیدخبریں