حکومت نے بنکوں سے 14کھرب روپے سے زائد قرض لیا

Jan 26, 2023


لاہور (احسن صدیق) وفاقی حکومت نے رواں مالی سال23 -2022ء میں یکم جولائی سے جنوری کے پہلے ہفتے کے دوران اپنا بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے شیڈولڈ بنکوں  سے مجموعی طور پر 14کھرب 12ارب 59کروڑ روپے کے قرضے حاصل کئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال 22-2021ء میں اتنی مدت کے دوران وفاقی حکومت نے شیڈولڈ بنکوں سے اپنا بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے 13کھرب37 ارب 6کروڑ 50لاکھ روپے کے قرضے حاصل کئے تھے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے بنکنگ سیکٹر سے لئے جانے والے مجموعی قرضے میں سٹیٹ بنک کو لئے گئے قرضوں کی واپسی کی مد میں  ایک کھرب 74ارب 40 کروڑ 90 لاکھ روپے ادائیگی کی۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 7مہینے کے دوران عبوری این ایف سی ایوارڈ کے باعث چاروں صوبوں کے اوور ڈرافٹ منفی رہے کیونکہ چاروں صوبوں نے اس مد میں لئے جانے والے اوور ڈرافٹ اس مہینے میں بنکنگ سیکٹر کو واپس کئے ہیں اسی طرح آذاد کشمیر حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے اوور ڈرافٹ بھی منفی ر ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لئے گئے اوور ڈرافٹ کی واپسی کی مد میں بلوچستان نے 52کروڑ 60لاکھ روپے، خیبر پی کے نے 10ارب 44کروڑ 90لاکھ روپے، پنجاب نے ایک کھرب 27ارب 14کروڑ 30لاکھ روپے، سندھ نے 26 ارب 44 کروڑ 20لاکھ روپے، آزاد جموں و کشمیر نے 4ارب 15کروڑ 30 لاکھ روپے اور گلگت بلتستان نے ایک ارب 82کروڑ 20لاکھ روپے کی ادائیگی کی ہے۔
بنکوں سے قرض 

مزیدخبریں