لاہور(کامرس رپورٹر ) چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن زوہیب خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی مکمل حمایت کے باوجود سٹیٹ بنک اور ایف بی آر کی جانب سے آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے کے اقدامات کی حمایت نہیں کی جا رہی ہے،وزیر اعظم کی سنجیدگی اس حقیقت میں مضمر ہے کہ وہ خود ملک کی ڈیجیٹل معیشت پر اعلی سطحی کمیٹی کی سربراہی کر رہے ہیں اور چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسیشن کو اس کا اہم ممبر بنایا ہے۔
زوہیب خان نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ان کی درخواست پر سٹیٹ بینک کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کمرشل بینکوں کو خصوصی اکائونٹس برائے غیر ملکی کرنسی میں آئی ٹی ایکسپورٹرز کوان کی غیر ملکی کرنسی 35 فیصد رکھنے کی اجازت دی جائے۔ اس سہولت کو بینکوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا تھا کہ وہ بینکوں کی طرف سے استعمال کئے جانے والی کسی بھی اعترض کو دور کر سکیں۔