حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد شہر میں میونسپل کمیٹی کی پانی کھینچنے والے موٹروںکی خرابی سے گلی محلوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا جس سے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسوقت میونسپل کمیٹی کی پانی کھینچنے والی کئی موٹر یں خراب پڑی ہیں یا چلائی نہیں جارہی ہیں جس سے علی پورروڈ ،شیر پورہ، ٹیچرز کالونی، بجلی محلہ ، حسن ٹائون، مبارک کالونی ودیگر علاقے جوہڑ میں تبدیل ہورہے ہیں ۔ شہریوںنے میونسپل کمیٹی کے افسران کی غفلت اور لاپرواہی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی کے افسران موٹروںکی بند ہونے کے باوجود ہزاروں روپے تیل کی مد میں نکلواکر ہڑپ کررہے ہیں لیکن شہریوں کی مشکلات کے اذالہ کے لئے کچھ نہیں کیا جارہا۔