نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا پرویزالہیٰ کے زیر استعمال 4 دفاتر کو بند کرنے کا اعلان

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کے زیر استعمال 4 دفاتر کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 90 شاہراہ قائداعظم، سول سیکرٹریٹ، پنجاب اسمبلی اور ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں قائم وزیراعلیٰ کے لئے دفاتر استعمال نہیں کروں گا۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان چاروں دفاتر کے اسٹاف کو دیگر سرکاری امور کی انجام دہی پر مامور کیا جائے گا. کسی سرکاری ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے لئے 4 دفاتر قائم کرنا قومی وسائل کے ضیاع کے مترادف ہے۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان جیسا ملک ایسی شاہ خرچیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہم نے سرکاری اخراجات کو کنٹرول کرنا ہے اور بچت کرنی ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز اسلام آباد میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ملاقات ہوئی تھی۔ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے محسن نقوی کو نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ امید ہے آپ اپنی ذمہ داری آئین کے مطابق احسن طریقے سے سر انجام دیں گے اور الیکشن کے عمل کو غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی وزیر اعظم  شہباز شریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ملاقات میں وزیر اعظم نے محسن نقوی کو یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت پوری طرح آپ کے ساتھ ہے بلا خوف اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کے الزامات اور تنقید کی پرواہ نہ کریں، نظر انداز کریں۔ صاف شفاف انتخابات میں وفاقی حکومت الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کی بھرپور مدد کرے گی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ملاقات میں یقین دہانی کروائی کہ صوبے میں امن وامان کی بہتری کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔ کسی بھی غلط کام پر ایکشن لینا آپ کا اختیار ہے۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ملاقات میں کہا کہ جو اعتماد مجھ پر کیا گیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا. اپنی آئینی ذمہ داری سے باہر نہیں نکلوں گا۔

ای پیپر دی نیشن