پاکستان کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی، 11 ممالک سے معاونت کی منظوری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے 11 ممالک کے ساتھ دہشت گردی اور سنگین وارداتوں کے ملزموں کے خلاف قانونی معاونت کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے 11ممالک کے ساتھ باہمی بنیادوں پر معاونت دینے اور لینے کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بدنام کرنے میں ملوث بیرون ملک مقیم افراد کے خلاف بھی اسی بنیاد پرکارروائی ہوگی، امریکا، برطانیہ اور روس کو مطلوب پاکستانی ملزموں کے خلاف قانونی تعاون کی منظوری دی گئی ہے۔ پولینڈ، میکسیکو اور ترکی کو سنگین جرائم میں مطلوب ملزموں کے خلاف قانونی تعاون کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشت گردوں کو فنڈنگ میں ملوث ملزموں کیخلاف افغانستان سے قانونی تعاون لینے اور متحدہ عرب امارات سے دہشتگردوں کو فنڈنگ کے ملزموں کے خلاف قانونی تعاون لینے کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے منشیات سمگلنگ میں ملوث  ملزموں کے خلاف قانونی تعاون لینے کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان ممالک سے معاہدہ نہ ہونے کے باعث باہمی بنیادوں پر قانونی تعاون لینے اور دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن