کراچی (نیٹ نیوز) سینئر سیاست دان اور سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 97 برس تھی۔ مرحوم الٰہی بخش سومرو کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوا، ان کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر جیکب آباد روانہ کر دیا گیا ہے۔ الٰہی بخش سومرو 1926 میں ضلع جیکب آباد میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق شکار پور میں آباد سومرو خاندان سے ہے جس نے سندھ میں سالہا سال حکومت کی۔ وہ مولا بخش سومرو کے فرزند اور احمد میاں سومرو کے بھائی تھے اور پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے۔ مرحوم الٰہی بخش سومرو جنرل ضیاء الحق کے دور میں حکومت میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر بنے اور 1985ء میں بلا مقابلہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 29 مئی 1988ء کو جنرل ضیاء الحق نے جب محمد خان جونیجو کی وزارت کو برطرف کیا اور نگران کابینہ تشکیل دی تو اس میں وزیر اطلاعات و نشریات مقرر ہوئے۔