لاہور(نیوز رپورٹر) نائب امیروامیدوارجماعت اسلامی، حلقہ 123 اور 128 لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ووٹوں کی خریداری کی بنیاد پر انتخابات ہائی جیک کرنے سے سیاست، جمہوریت، اسمبلیاں کمزور اور داغ دار ہوتی ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی پی پی کی 18 ماہ کی حکومت ناکام ترین حکومت تھی۔ اتحادیوں نے مل کر عوام کو برباد کیا اور اب مسلم لیگ، پی پی پی لیڈرز ایک دوسرے کی نااہلی کا سچ اگل رہے ہیں۔ لاہور میں انتخابی مہم کے دوران کارنر میٹنگز، خواتین کانفرنسز اور اقلیتی برادری کے پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران جماعتیں کارکردگی، منشور پر عملدرآمد آگاہی کی بجائے نوراکشتی، چکربازیوں، جھوٹ، فریب اور دھوکہ دہی سے پروپیگنڈہ کے ذریعے بے دریغ مال و دولت،پیسہ لگارہی ہیں۔ سول ملٹری سٹیبلشمنٹ زیادہ طاقت ور ہوجاتی ہے۔ شیر اور تیر نے بلے کی ناکامیوں کی رفتار کو تیز تر کردیا ہے۔ کرپٹ مافیا، نیب زدہ، ایف آئی میں مطلوب اور سزایافتہ ٹولوں کو ملک پر دوبارہ مسلط کیا گیا تو یہ عمل سیاست، جمہوریت اور ملکی استحکام کیلئے زہرِ قاتل ہوگا۔ جماعت اسلامی ووٹرز کیلئے بہترین آپشن ہے۔ جماعتِ اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔
انتخابات ہائی جیک کرنے سے جمہوریت، اسمبلیاں کمزور ،داغدار ہوتی ہیں:لیاقت بلوچ
Jan 26, 2024